Recitation (Mishary Rashid Alafasy)
Arabic
قُلۡ إِنَّ رَبِّي يَقۡذِفُ بِٱلۡحَقِّ عَلَّـٰمُ ٱلۡغُيُوبِ
Urdu (Syed Abul A’la Maududi)
ان سے کہو “میرا رب (مجھ پر) حق کا القا کرتا ہے اور وہ تمام پوشیدہ حقیقتوں کا جاننے والا ہے
English (Sahih International)
Say, “Indeed, my Lord projects the truth. Knower of the unseen
Tafsir — Bayan ul Quran (Dr. Israr Ahmad)
آیت 48 { قُلْ اِنَّ رَبِّیْ یَقْذِفُ بِالْحَقِّ عَلَّامُ الْغُیُوْبِ } ”آپ ﷺ کہہ دیجیے کہ یقینا میرا رب حق کے ساتھ ضرب لگاتا ہے باطل کو ‘ وہ خوب جاننے والا ہے تمام غیبوں کا۔“ یہ مضمون اس سے پہلے سورة الانبیاء کی آیت 18 میں اس طرح بیان فرمایا گیا ہے : { بَلْ نَقْذِفُ بِالْحَقِّ عَلَی الْبَاطِلِ فَیَدْمَغُہٗ فَاِذَا ہُوَ زَاہِقٌط } ”بلکہ ہم حق کو دے مارتے ہیں باطل پر تو وہ اس کا بھیجا نکال دیتا ہے ‘ پھر وہ مٹ جاتا ہے“۔ آیت زیر مطالعہ کا بھی بالکل یہی مفہوم ہے ‘ اس لیے یہاں ”یَقْذِفُ بِالْحَقِّ“ کے بعد ”عَلَی الْبَاطِلِ“ کے الفاظ کو محذوف سمجھا جانا چاہیے۔
Tafsir — Tazkirul Quran (Maulana Wahiduddin Khan)
This commentary covers ayaat 48 to 50.
دنیا کی تخلیق حق پر ہوئی ہے۔ یہاں سارا زور حق کی طرف ہے۔ یہاں تمام دلائل حق کی تائید کرتے ہیں۔ حقیقت واقعہ کے اعتبار سے یہاں باطل کو کوئی زور اور کوئی دلیل حاصل نہیں۔ ایسی حالت میں یہ ہونا چاہيے کہ حق یہاں ہمیشہ سربلند رہے اور باطل یہاں سراسر بے وزن ہوکر رہ جائے مگر عملاً ایسا نہیں ہوتا۔ اس دنیامیں حق اتنا طاقتور نہیں کہ وہ خود اپنے زور پر باطل کا خاتمہ کردے اور باطل اتنا بے وقعت نہیں کہ اس کی بنیاد پر کسی شخص کےلیے عزت اور سربلندی حاصل کرنا ممکن نہ ہو۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ دنیا امتحان کی جگہ ہے۔ یہاں آزمائش کا قانون جاری ہے۔ اس ليے یہاں باطل کو بھی ابھرنے کا موقع مل جاتا ہے۔ مگر یہ صورت حال عارضی طورپر صرف امتحان کی مدت تک ہے۔ قیامت آتے ہی یہ غیر واقعی صورت حال یکسر ختم ہوجائے گی۔ اس وقت تمام نظری اور عملی زور صرف حق کی طرف ہوگا اور باطل سراسر بے قیمت ہو کر رہ جائے گا۔
یہ واقعہ اپنی کامل صورت میں قیامت میں ظاہر ہوگا۔ مگر جب اللہ چاہتا ہے اس کو جزئی طورپر موجودہ دنیا میں ظاہر کردیتا ہے تاکہ لوگوں کےلیے سبق ہو۔ دور اول میںاسلام کا غلبہ اسی قسم کا ایک جزئی اظہار تھا۔ چنانچہ جب مکہ فتح ہوا اور توحید کو شرک کے اوپر بالاتری حاصل ہوگئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان پر یہ آیت تھی جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا (
17:81
) سیرت ابن ہشام، جلد2، صفحہ
417
۔